پاکستان میں گنے کی اہمیت

Sugarcane importance in Pakistan in Urdu گنے کی اہمیت
$ads={1}

گنا پاکستان کی ایک نقد آور اور انتہائی اہمیت کی حامل فصل ہے۔ یہ بنیادی طور پر چینی، شکر اور گڑ بنانے کے لیے اگایا جاتا ہے۔ پاکستان گنا پیدا کرنے والا دنیا کا پانچواں بڑا اور چینی پیدا کرنے والا چھٹا بڑا ملک ہے۔ اور سب سے زیادہ چینی استعمال کرنے والے ملکوں میں آٹھواں بڑا ملک ہے۔ پاکستان میں گنا تقریباً 1.2 ملین ہیکٹر رقبہ پر کاشت ہوتا ہے اور تقریباً 90 شوگر ملوں کے لیے خام مال فراہم کرتا ہے۔ چینی کی صنعت ٹیکسٹائل کے بعد ملک کی دوسری بڑی زراعت پر مبنی صنعت ہے۔

پاکستان اور دنیا کے کئی ممالک میں گنا ایک اہم صنعتی اور نقد آور فصل ہے۔ یہ دنیا میں سطح سمندر کے قریب گرم خشک ماحول سے لے کر اونچی بلندیوں پر ٹھنڈے اور نم ماحول تک مختلف آب و ہوا میں اگایا جاتا ہے۔ پاکستان میں گنے کی پیداوار دنیا کے دیگر ممالک کی گنے کی پیداوار کے مقابلے میں بہت کم ہے۔ اس کم پیداوار کی بنیادی وجہ پانی کی قلت، زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کی کمی، کھادوں اور کیڑے مار ادویات کا نامناسب استعمال ہے۔

گنے میں جڑی بوٹیوں کی افزائش کی وجہ سے تقریباً 12 سے 72 فیصد تک پیداوار کا نقصان ہو سکتا ہے۔ ابتدائی 60-120 دن جڑی بوٹیوں کی روک تھام کے لیے اہم ہوتے ہیں۔ اس لیے گنا کاشت کرنے کے 2 سے 4 ماہ کے اندر جڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنانا چاہیے۔

چینی کی پیداوار کے علاوہ، گنا متعدد قیمتی مصنوعات تیاری میں اہم کردار ادا کرتا ہے، جیسا کہ دوا سازی کی صنعت میں استعمال ہونے والی الکحل، ایندھن کے طور پر استعمال ہونے والا ایتھنول، گنے کا پھوک جو رس نِکالنے کے بعد بچا رہتا ہے کاغذ بنانے اور چپ بورڈ بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے اور گنے کی مڈ جو کہ نامیاتی مادے کے طور پر استعمال ہوتی ہے اور زمین کی زرخیزی میں اضافہ کرتی ہے۔ یہ تمام چیزیں گنے کی کرشنگ کی بعد حاصل کی جاتی ہیں۔ مزید برآں حکومت نے گنے کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔

بہت سے مبصرین اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان کو گنے کی پیداوار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق لانے کےلیے تحقیق اور ترقی کے اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ دنیا میں گنے کی اوسط پیداوار تقریباً 60 میٹرک ٹن فی ہیکٹر ہے جب کہ ہندوستان اور مصر بالترتیب 66 ٹن اور 105 ٹن فی ہیکٹر حاصل کر رہے ہیں۔

مصر دنیا میں سب سے زیادہ گنے کی پیداوار کے ساتھ پاکستان کے مقابلے میں تقریباً 142 فیصد زیادہ پیداوار حاصل کر رہا ہے۔ تقریباً ایک جیسی مٹی اور موسمی حالات کے ساتھ بھارت پاکستان کے مقابلے میں گنے کی تقریباً 53 فیصد زیادہ پیداوار حاصل کر رہا ہے۔ چونکہ یہ ملک کی نقد آور فصلوں میں سے ایک ہے۔ اس لیے اس کی پیداواری صلاحیت کو پاکستان میں بہتر بنانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔ ان کوششوں کے نتیجے میں گنے کی پیداوار میں خاطر خواہ بہتری آسکتی ہے۔

پاکستان میں گنے کی مجموعی پیداوار میں صوبہ پنجاب کا حصہ 66 فیصد، سندھ کا 26 فیصد، خیبرپختونخوا کا 8 فیصد اور بلوچستان کا 1 فیصد سے بھی کم ہے۔ پنجاب اور کے پی کے زیادہ تر کسان گنے کی کاشت موسم بہار میں کرتے ہیں جبکہ سندھ میں گنے کی زیادہ کاشت موسم خزاں میں ہوتی ہے۔

شیئر ضرور کریں
جدید تر اس سے پرانی