فصل ربیع سے مراد وہ فصلیں ہیں جو مون سون کے آخر یا سردیوں کے شروع میں کاشت کی جاتی ہیں اور موسم سرما کے اختتام یا موسم بہار کے شروع میں کاٹی جاتی ہیں۔ ربیع عربی زبان کا لفظ ہے جس کے معنی "بہار" کے ہیں۔ فصل ربیع کی کاشت کا دورانیہ اکتوبر سے دسمبر تک اور کٹائی کا دورانیہ اپریل سے مئی تک ہے۔ ربیع کی فصل کو عام طور پر موسم سرما کی فصل بھی کہا جاتا ہے۔
ربیع کی فصلوں کو بیج کے اگنے کے لیے گرم آب و ہوا اور بڑھوتری کے لیے سرد آب و ہوا کی ضرورت ہوتی ہے۔ غیر موسمی بارش ربیع کی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ چونکہ پاکستان میں سردیوں کا موسم زیادہ تر خشک رہتا ہے اس لیے ربیع کی فصلوں کو کم سے کم اور منظم آبپاشی کی ضرورت ہوتی ہے۔
پاکستان میں فصلیں کاشت کرنے کے دو موسم ہیں۔ "ربیع" بوائی کا دوسرا اور "خریف" بوائی کا پہلا موسم ہے۔ جو فصلیں خریف کے موسم میں کاشت کی جائیں فصل خریف کہلاتی ہیں اور جن فصلوں کی کاشت ربیع کے موسم میں کی جائے انھیں فصل ربیع کہا جاتا ہے۔
ربیع کی اناج کی فصلیں
گندم، چنے اور جو ربیع کے موسم میں بوئی جانے والی اناج کی فصلیں ہیں۔
ربیع کی سبزیاں
آلو، ٹماٹر، پیاز، لہسن، دھنیا، پالک، شکر قندی، شلجم، مٹر، لوبیا، چقندر، میتھی، سلاد پتہ، بند گوبھی، گاجر، مولی، پھول گوبھی اور بیگن ربیع کی سبزیوں میں شامل ہیں۔
ربیع کے پھل
امرود، سیب، کیلا، لوکاٹ، انگور، انار، بیر، بادام، شہتوت، املوک (جاپانی پھل)، چکوترہ، لیموں، سنگترہ، کینو، مسمبی، پپیتا اور ناریل ربیع کے پھلوں میں شامل ہیں۔
ربیع کی دالیں
مسور اور چنے کی دال موسم ربیع میں کاشت ہونے والی دالیں ہیں۔
ربیع کی تیل دار اجناس
سرسوں یا رایا، توریا، کینولا اور سورج مکھی بھی ربیع کے موسم میں کاشت کی جاتی ہیں۔
دوسری ربیع کی فصلیں
برسیم، لوسرن اور تمباکو کی کاشت کا وقت بھی ربیع کا موسم ہے۔ زراعت کی بہتری اور ترقی سے ربیع کی فصلوں کی پیداوار بڑھائی جا سکتی ہے اور پاکستان کی زراعت کےلیے فصل ربیع کی اقسام بہت اہم ہیں۔