جو اور گندم میں کیا فرق ہے؟

Jau aur gandum main farq in Urdu جو اور گندم میں فرق
$ads={1}

گندم دنیا میں سب سے زیادہ کاشت کی جانے والی اناج کی فصل ہے اور اس لیے دنیا کے زیادہ تر لوگ گندم کے بارے میں جانتے ہیں۔ چونکہ جو، چاول، مکئی اور گندم کے بعد چوتھے نمبر پر اگایا جانے والا اناج ہے۔ اس لیے بہت کم لوگوں کو جَو کے بارے میں علم ہے۔ تاہم، پاکستان میں لوگوں کی اکثریت جَو سے واقف ہے کیونکہ یہاں پر جَو خوراک کے علاوہ جانوروں کےلیے چارے کے طور پر بھی بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔

جو اور گندم دونوں کا تعلق سائنسی طور پر گھاس کے خاندان پواسی ای (Poaceae) سے ہے جس میں دیگر فصلیں بھی شامل ہیں جیسا کہ چاول، گنا، باجرہ اور مکئی وغیرہ۔ جو کو انگریزی میں بارلی (Barley) اور گندم کو انگریزی میں ویٹ (Wheat) کہتے ہیں۔ آپ دیگر فصلوں کے اردو اور انگلش نام بھی جان سکتے ہیں۔ جو اور گندم ہزاروں سالوں سے انسانی خوراک کا لازمی حصہ رہے ہیں۔ دیگر فصلوں کے مقابلے میں گندم اور جو کی کاشت اور دیکھ بھال زیادہ آسان ہے۔

گندم اور جو کو بہت سی مختلف اقسام اور ان کی ذیلی اقسام میں بھی تقسیم کیا گیا ہے۔ گندم کی سب سے زیادہ کاشت کی جانے والی قسم جس کی ہم روٹی بناتے ہیں، اُس گندم کا سائنسی نام ٹریٹیکم ایسٹیوم (Triticum aestivum) ہے اور دیگر گندم کی اقسام میں ڈورم (Durum)، اینکورن (Einkorn)، ایمر (Emmer) اور سپیلٹ (Spelt) شامل ہیں، اسی طرح گندم کے بیج کی اقسام بھی مختلف ہیں ۔ جو کا سائنسی نام ہارڈیم ولگر (Hordeum vulgare) ہے، اس کی بھی تین قسمیں ہیں جیسا کہ ٹو رو (Two row) سکس رو (Six row) اور ہول لیس (Hull Less)۔

اس سے پہلے کہ گندم کو استعمال کیا جا سکے، اسے چکی میں پیسنا ضروری ہے۔ پیسنے سے مراد چوکر اور جنین کو اینڈوسپرم یعنی تخم (ایسی غذائیت بخش بافت جو دانہ کے اندر، جنین کے ارد گرد ہوتی ہے اور اسے خوراک مہیا کرتی ہے) سے الگ کرنے کے لیے دانے کو توڑنے اور تخم کو باریک آٹے میں کچلنے کا عمل ہے۔

گندم کے دانوں میں اناج کے تمام حصے جنین، تخم اور چوکر ہوتے ہیں، جب کہ باقاعدہ چکی والے آٹے میں صرف تخم ہوتا ہے۔ گندم کا آٹا روٹی، بسکٹ، کیک، پاستا، نوڈلز اور سوجی وغیرہ بنانے میں استعمال ہوتا ہے۔

تاریخی طور پر دنیا کے کئی ممالک میں جَو خوراک کا سب سے اہم ذریعہ تھا لیکن پچھلے 200 سالوں میں اس کی جگہ بڑے پیمانے پر دوسرے اناج جیسے گندم اور چاول نے لے لی ہے۔ جَو کو استعمال کرنے سے پہلے پیسنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن عام طور پر دانوں سے چھلکے کو اتارا جاتا ہے۔ آج کے دور میں جَو بنیادی طور پر جانوروں کے کھانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ تاہم، جو کی تھوڑی سی مقدار انسانوں کے لیے بھی خوراک کے طور پر استعمال ہوتی ہے۔

گندم اور جو معدنیات سے بھرپور ہوتے ہیں۔ گندم میں خاص طور پر مینگنیز (Manganese) زیادہ ہوتا ہے لیکن جو اور گندم میں زنک، آئرن، میگنیشیم اور پوٹاشیم کی ایک جیسی مقدار ہوتی ہے۔ گندم کے مقابلے جو میں تھایامین (Thiamine) اور رائبوفلیون (Riboflavin) زیادہ ہوتا ہے۔ اس کے برعکس گندم میں نیاسین، وٹامن بی 6، وٹامن بی 5، فولیٹ اور وٹامن ای کی مقدار قدرے زیادہ ہوتی ہے۔ ان معدنیات کے فرق سے معلوم ہوتا ہے کہ جو اور گندم میں واضح فرق ہے۔

گندم کے مقابلے جَو کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس میں فائبر اور کولیسٹرول کو کم کرنے والے بیٹا گلوکین (Beta glucan) کی زیادہ مقدار ہوتی ہے۔ بیٹا گلوکین جسم میں کولیسٹرول کو کم کرنے اور بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔

دونوں اناج غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں، دونوں میں گلوٹین ہوتا ہے، اس لیے سیلیئک بیماری (Celiac disease) یا گلوٹین کی حساسیت والے لوگوں کو گندم اور جو کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

شیئر ضرور کریں
جدید تر اس سے پرانی