گندم کی کنگی یا رسٹ کی بیماری اور اس کا تدارک

Wheat yellow rust information in Urdu گندم کی کنگی رتی رسٹ کی بیماری
$ads={1}

گندم کی فصل پر کنگی کی بیماری کو انگلش میں رسٹ یا ویٹ رسٹ (Wheat rust) کہتے ہیں۔ کھیترانی زبان میں اس بیماری کو رتی کہا جاتا ہے۔ رسٹ گندم کی ایک ایسی خطرناک بیماری ہے جس کے شدید حملے کی صورت میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار 40 سے 50 فیصد تک کم ہو جاتی ہے۔ گزشتہ چند سالوں سے پاکستان میں بھی گندم کی فصل پر کنگی کا شدید حملہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور اس بیماری نے ہمارے کسانوں کو کافی حد تک پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے۔

درجہ حرارت کے 8 سے 13 ڈگری سینٹی گریڈ کے دوران کنگی کے تولیدی خلیات بننے کا عمل شروع ہو جاتا ہے اور جب درجہ حرارت 12 سے 15 ڈگری سینٹی گریڈ تک ہو جائے تو کنگی یا رسٹ گندم کی فصل پر حملہ آور ہو جاتی ہے۔ ہوا کے زریعے یہ بیماری ایک کھیت سے دوسرے کھیت میں تیزی سے منتقل ہوتی ہے۔

رتی کی بیماری گندم کے پودے کی خوراک تیار کرنے کے عمل کو متاثر کر کے کاربوہائیڈریٹس کو ختم کر دیتی ہے جس کی وجہ پودے کی جڑیں کمزور، گندم کا دانہ باریک اور کم وزنی ہو جاتا ہے، نتیجتاً گندم کی پیداور کم ہو جاتی ہے۔ عام طور پر اس کا حملہ موسم سرما میں معمول سے زائد بارشوں کی وجہ سے ہوتا ہے کیونکہ ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ جاتا ہے اور درجہ حرارت کم ہو جاتا ہے۔

کنگی کے حملے کی صورت میں گندم کے پودوں کے پتوں پر پیلے رنگ کے چھوٹے چھوٹے دھبے یا ہلدی نما پاؤڈر کی طرح کے دھبے متوازی قطاروں پر صف بستہ نظر آتے ہیں۔ اگر رسٹ سے متاثرہ پتوں کو ہاتھ لگایا جائے تو زنگ نما پاؤڈر ہاتھ پر لگ جاتا ہے۔ اس لیے کچھ کسان کنگی کو گندم کا زنگ بھی کہتے ہیں۔

یاد رہے کہ رسٹ یا کنگی فنگس کی ایک قسم ہے اور اسے فنجی سائیڈ یعنی پھپھوندی کش زہر کے استعمال سے کنٹرول کر کے گندم کی فصل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔ ایسی فنجیسائیڈ زرعی ادویات جن کے آخر میں "کونازول" کا لفظ آتا ہے جیسا کہ پروپی کونازول، ٹیبوکونازول، ڈائی فینوکونازول وغیرہ یہ کنگی کے تدارک میں دیگر پھپھوندی کش زہروں کی نسبت زیادہ کارآمد ثابت ہوتی ہیں۔ اس لیے ان کونازول زہروں میں سے کسی ایک زہر کا استعمال کر کے رسٹ کے انسداد کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

کنگی کی بیماری گندم کی فصل پر ٹکڑیوں کی شکل میں حملہ آور ہوتی ہے۔ اس لیے پورے کھیت پر فنجی سائیڈ زہر کا سپرے کرنے کی بجائے اگر فصل کے متاثرہ حصوں پر ہی سپرے کر دیا جائے تو ابتدا میں ہی اس کے پھیلاؤ پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

کنگی یا رسٹ سے بچاؤ کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ کنگی کے خلاف قوت مدافعت رکھنے والی اور زیادہ پیداوار دینے کی حامل، محکمہ زراعت سے نئی منظور شدہ گندم کی ورائٹیز کاشت کی جائیں۔

شیئر ضرور کریں
جدید تر اس سے پرانی