فصلوں کی اقسام | فصلوں کی کاشت اور پاکستان کی اہم فصلیں

Types of important crops and cultivation in Pakistan information in Urdu پاکستان کی اہم فصلوں کی اقسام اور کاشت
$ads={1}

استعمال کے لحاظ سے فصلوں کی چھ اقسام ہیں جن میں خوراک کی فصلیں، چارہ کی فصلیں، ریشہ کی فصلیں، تیل کی فصلیں، سجاوٹی فصلیں اور صنعتی فصلیں شامل ہیں۔ زراعت پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ فصلوں کی کاشت کا انحصار بنیادی طور پر موسم اور زمین کی زرخیزی پر ہوتا ہے۔ فصل کی نئی اقسام پیدا کرنے کے لیے مختلف زرعی طریقوں پر عمل کیا جاتا ہے۔ زرعی ترقی نے فصلوں کی دوسری اقسام کے تغیر کو جنم دیا۔ اسی وجہ سے زراعت اور کاشت کاری کے شعبے میں کچھ فصلوں کو نقد آور فصلیں بھی کہا جاتا ہے۔

خوراک کی فصلیں

کھانے کی فصلیں تاریخی طور پر سب سے پہلے کاشت ہونے والی فصلیں ہیں جو بنیادی طور پر انسانی استعمال کے لیے اگائی اور کاٹی جاتی ہیں۔ اناج جیسا کہ مکئی، چاول، گندم اور جو دنیا کی سب سے مشہور خوراک کی فصلیں ہیں۔ دالیں، پھل اور سبزیاں بھی خوراک کی فصلوں میں شامل ہیں۔ بیجوں میں خوراک کی فصلوں کی کئی اقسام شامل ہیں جیسا کہ اناج، خشک میوے، پھلیاں اور کچھ مصالحہ جات وغیرہ۔ اناج پروٹین، نشاستہ، غذائی ریشہ اور غذائی اجزاء کا بھرپور ذریعہ ہیں اور ہماری روزمرہ کی خوراک کا لازمی حصہ ہیں۔ خاص طور پر مکئی، چاول اور گندم ہمارے جسم کو سب سے زیادہ کیلوریز اور پروٹین فراہم کرتی ہیں۔

چارہ کی فصلیں

چارے کی فصلیں جیسا کہ جئی، جوار، برسیم، باجرہ اور لوسرن مویشیوں کے استعمال کے لیے کاشت کی جاتی ہیں۔ ان فصلوں میں ایسے غذائی اجزاء ہوتے ہیں جن کی جانوروں کو ضرورت ہوتی ہے۔ چارہ کی فصلیں مویشیوں کی پرورش کے لیے بہت اہم ہیں۔ جانور براہ راست چارہ کھانا پسند کرتے ہیں جیسا کہ گھاس۔ تازہ چارے کو ٹکڑوں میں کاٹ کر مویشیوں کو کھلایا جاتا ہے۔ کچھ چارہ جات کو کاٹ کر کھیت میں خشک ہونے دیا جاتا ہے اور بعد میں ذخیرہ کر لیا جاتا ہے۔ چارے کی فصل کی ایک اور قسم سائیلج ہے۔ سائیلج کی فصلوں کو کاٹا جاتا ہے پھر ان حالات میں ذخیرہ کیا جاتا ہے جو چارے کو تیزاب میں ٹوٹنے (خمیر شدہ) کی اجازت دیتے ہیں۔ فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن (FAO) کا کہنا ہے کہ دنیا میں 33 فیصد قابل کاشت زمین صرف مویشیوں کی خوراک پیدا کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔

ریشہ کی فصلیں

ریشہ کی فصلیں وہ پودے ہیں جو ٹیکسٹائل کی صنعت اور کاغذی مصنوعات کی تیاری کے لیے اگائے جاتے ہیں۔ کپاس، پٹ سن اور بھنگ ریشہ کی مشہور فصلیں ہیں۔ بعض پودوں کے خشک اور پروسس شدہ ریشوں سے ٹیکسٹائل مصنوعات یا کپڑا بنایا جاتا ہے۔ ٹیکسٹائل مصنوعات بنانے کے لیے استعمال ہونے والے زیادہ تر ریشے پودوں کے تنے یا جڑوں سے لیے جاتے ہیں جیسا کہ پٹ سن کا استعمال کتان کا باریک کپڑا بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔ بانس سے بنی ہوئی ٹیکسٹائل مصنوعات بانس کے پودوں کے گودے سے تیار کی جاتی ہیں۔ دیگر ریشہ دار فصلوں کا گودا مختلف قسم کی مصنوعات کی تیاری میں استعمال کیا جاتا ہے۔ کاغذی مصنوعات کی تیاری کے لیے لکڑی کے گودے کی بجائے ریشہ کا گودا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

تیل کی فصلیں

بیج کے تیل کی فصلیں پوری دنیا میں اگائی جاتی ہیں اور اپنی اقتصادی قدر کی وجہ سے اہم فصلیں سمجھی جاتی ہیں۔ تیل کی فصلیں جیسا کہ سویابین، زیتون، کپاس کے بیج، سورج مکھی کے بیج، کینولا اور سرسوں کو انسانی استعمال یا صنعتی استعمال کے لیے اگایا اور کاٹا جاتا ہے۔ عالمی تیل کے بیجوں کی پیداوار کا 61 فیصد صرف سویابین سے حاصل کیا جاتا ہے۔ انسانی استعمال کے لیے تیل پیدا کرنے کے علاوہ بیج کے تیل کی فصلیں مختلف صنعتوں میں استعمال ہوتی ہیں جن میں صابن، رنگ بنانے، ایندھن اور مشینری چکنا کرنے والے مادے بنانے کی صنعت شامل ہے۔ تیل کی فصلوں سے بننے والے ایندھن کو بائیوفیول (Biofuel) کہا جاتا ہے۔ حالیہ برسوں میں بائیو ایندھن کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں، گلوبل وارمنگ کے بارے میں خدشات اور توانائی میں خود کفالت کی خواہش نے حکومتوں اور کاروباری افراد کو بائیو فیول ریسرچ میں سرمایہ کاری کرنے پر مجبور کیا ہے۔

سجاوٹی فصلیں

سجاوٹی فصلیں جیسا کہ زغال آختہ (Dogwood)، کنیر (Oleander) اور ازالیہ (Azalea) زمین کی تزئین کے لیے کاشت کی جاتی ہیں۔ سجاوٹی فصلیں زیادہ تر نرسریوں میں اگائی جاتی ہیں اور اکثر پارکوں، رہائشی یا تجارتی عمارتوں کی تزئین و آرائش کے لیے خریدی جاتی ہیں۔ آج بہت سے ممالک میں سجاوٹی فصلوں کی پیداوار ایک اہم اقتصادی سرگرمی ہے۔ مثال کے طور پر کینیا گلاب اور گلنار کا ایک بڑا برآمد کنندہ ہے اور ہالینڈ کی گل لالہ کی فصل اس ملک کی علامت بن گئی ہے۔ زیادہ تر آرائشی پھول اتنے ہی زہریلے ہوتے ہیں جتنے خوبصورت ہوتے ہیں۔

صنعتی فصلیں

صنعتی فصلوں میں وہ تمام فصلیں شامل ہوتی ہیں جو صنعتی سامان کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں جیسا کہ تمباکو، کافی، چائے، گنا، سرسوں، کپاس، پٹ سن اور سویابین وغیرہ۔ جیسا کہ آپ نے دیکھا ہوگا استعمال کے لحاظ سے درجہ بندی میں ایک ہی پودا متعدد اقسام سے تعلق رکھتا ہے۔ مثال کے طور پر گندم اور جئی خوراک یا چارے کی طور پر بھی استعمال ہو سکتی ہیں۔ گنا چینی اور بائیو ایتھانول وغیرہ کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔

نقد آور فصلیں

نقد آور فصل وہ ہوتی ہے جسے کسان بنیادی طور پر بازار میں فروخت کرنے کےلیے کاشت کرتے ہیں تاکہ فروخت سے منافع کمایا جا سکے۔ آج زراعت کے شعبے میں نقد آور فصلیں سب سے زیادہ کاشت کی جانے والی فصلیں ہیں جو قومی اور بین الاقوامی منڈیوں میں فروخت کے لیے کاشت کی جاتی ہیں۔ ترقی پذیر ممالک اپنی نقد آور فصلوں کو ترقی یافتہ ممالک کو زیادہ قیمت پر فروخت کرتے ہیں۔ مشہور نقد آور فصلوں میں کافی، چائے، گندم، کپاس اور گنا شامل ہیں۔

پاکستان کی اہم فصلیں

پاکستان کی اہم فصلوں میں کپاس، گندم، چاول، مکئی، گنا، پھل اور سبزیاں شامل ہیں۔ پاکستان کی زمین اور آب و ہوا مختلف اقسام کی فصلیں کاشت کرنے کے لیے موزوں ہے۔

دھان، مکئی، مونگ، ماش، کپاس، تل، گوار پھلی، کماد، سواک، جوار اور باجرہ گرمیوں کی فصلیں ہیں اور انہیں خریف کی فصلیں بھی کہا جاتا ہے۔

گندم، چنا، مونگ پھلی، جو، جئی، سورج مکھی، برسیم، لوسرن، سرسوں، کینولا، توریا اور رائی گراس سردیوں کی فصلیں ہیں اور انہیں ربیع کی فصلیں بھی کہا جاتا ہے۔

پاکستان کی معاشی ترقی میں زراعت کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ اسی وجہ سے زرعی اجناس غلہ منڈیوں میں پورا سال دستیاب ہوتی ہیں اور پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل فصلات کی زیادہ پیداوار کے حصول کے لیے فصلات کی نئی اقسام کی تیاری میں مصروف عمل ہے۔ زراعت کی ترقی موجودہ دور کی اہم ضرورت ہے۔

شیئر ضرور کریں
جدید تر اس سے پرانی