ڈیموں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ پانی کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہونے کے ساتھ مختلف وجوہات کی بنا پر بہت اہمیت کے حامل بھی ہیں۔ ڈیم گھریلو استعمال، صنعتی استعمال اور زراعت کے شعبے میں استعمال سمیت مختلف ذرائع کے لیے پانی فراہم کرتے ہیں۔ ڈیم کے فائدے اور نقصانات ان کے فوری اور طویل مدتی اثرات کی وجہ سے قابلِ غور ہیں۔
ڈیم کے فوائد
ڈیم مختلف پہلوؤں سے فائدہ مند ہیں۔ ڈیم صاف پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی کے بہتر معیار، خوراک کی پیداوار میں اضافہ، آبپاشی کی فراہمی، سیلاب کے خطرے سے جانوں و مال کی حفاظت، بجلی کی پیداوار اور پانی کو ذخیرہ کر کے بہتر صحت کے فوائد کو یقینی بناتے ہیں۔ ڈیم کی تعمیر کے تفصیلی فوائد ذیل میں بیان کیے گئے ہیں۔
1۔ بجلی کی پیداوار
ہائیڈرو الیکٹرک پاور یعنی پن بجلی دنیا میں بجلی کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ کئی ممالک بجلی پیدا کرنے کے لیے دریاؤں پر ڈیم بنا رہے ہیں۔
2۔ پانی کی فراہمی
دنیا کے بہت سے شہری علاقوں کی پانی کی ضرورت ڈیموں سے پوری ہوتی ہے۔
3۔ پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنا
ڈیم اکثر پانی کے بہاؤ کو کنٹرول اور مستحکم کرنے کےلیے استعمال ہوتے ہیں۔ دریا کے قدرتی حالات، دریا کی سطح میں تبدیلی اور برف باری، پانی کے بہاؤ کےلیے بڑی رکاوٹیں اور مسائل پیدا کرتی ہے۔ ڈیموں کو مؤثر طریقے سے کسی دریا میں پانی کی سطح کو کنٹرول کرنے کےلیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ڈیم اور بیراج پورے ملک میں دریا کے پانی کے بہاؤ کو ایک مستحکم نظام فراہم کرتے ہیں۔
4۔ آبپاشی کےلیے
ڈیم کے پانی کو زرعی مقاصد اور فصلوں کی آبپاشی کےلیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ زراعت اور کاشت کاری کا زیادہ تر انحصار ڈیم کے پانی پر ہے۔
5۔ سیلاب کی روک تھام
جب کسی علاقے میں زیادہ بارش کے نتیجے میں سیلاب آتا ہے اور دریا کے نشیبی علاقوں میں جہاں سیلابی پانی بہتا ہے وہاں جان و مال کا بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے۔ ڈیم ایک موثر ذخائر ہیں جو سیلاب کی روک تھام میں مدد دیتے ہں اور ان کا استعمال دریا میں پانی کی سطح کو برقرار رکھنے کےلیے کیا جا سکتا ہے۔ پانی کے بہاؤ کو عارضی طور پر ڈیم میں ذخیرہ کیا جا سکتا ہے اور جب ضرورت ہو تو بعد میں چھوڑا جا سکتا ہے۔
6۔ زمین کی بحالی
ڈیم کا استعمال کسی ایسے علاقے میں پانی کے داخلے کو روکنے کےلیے کیا جا سکتا ہے جو بصورت دیگر پانی میں ڈوب جائے گا۔ اس لیے ڈیم زمین کی بحالی میں کردار ادا کرتے ہیں اور انسان اس زمین پر گھر بنا کر رہ سکتے ہیں۔
7۔ تفریح اور آبی خوبصورتی
ڈیم تفریحی مقاصد کے لیے ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد سیر و تفریح کےلیے ڈیموں کا رخ کرتی ہے۔ اکثر ڈیم پرسکون اور سبزے سے گھرے ہوئے ہوتے ہیں اور زائرین کو آرام اور راحت کا قدرتی احساس فراہم کرتے ہیں۔
ڈیم کے نقصانات
فوائد کے بالکل برعکس، ڈیموں کے نقصانات بھی ہوتے ہیں۔ انسانوں، معاشرے اور ماحول پر ڈیموں کے منفی اثرات کے بارے میں جاننے سے پہلے ڈیموں کے مسائل کو جاننا بہت ضروری ہے۔
1۔ زیر آب آ جانے کا مسئلہ
پانی کی سطح بڑھنے سے ایک بڑا علاقہ زیر آب آ جاتا ہے اور آبی ذخائر میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ ان زمینوں کے مالکان کو مناسب معاوضہ دے کر کسی اور جگہ آباد کر دیا جاتا ہے۔ اس لیے ڈیم کی تعمیر سے پہلے منصوبہ بندی کے ساتھ اضافی بجٹ کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
2۔ ڈیم کی ناکامی
ڈیم کی ناکامی بہت سی وجوہات کی وجہ سے ہوسکتی ہے۔ ناقص ڈیزائن یا غیر متوقع سیلاب کا واقع ہونا بھی ناکامی کا سبب ہو سکتا ہے۔ ڈیزائن اور تعمیر کے دوران مناسب رہنما اصولوں کو برقرار نہ رکھنا بھی ڈیم کی ناکامی کی وجہ بن سکتا ہے۔ ڈیم کبھی کبھی ضرورت سے زیادہ اور غیر متوقع زلزلوں کی وجہ سے ناکام ہو سکتے ہیں۔ بڑے ڈیموں کی تعمیر زمین کی انرونی سطح میں سنگین تبدیلیوں کا سبب بن سکتی ہے اور ارضیاتی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔ یہ تبدیلیاں بار بار زلزلے کو متحرک کر سکتی ہیں، لیکن جدید ڈیم کی تیاری اور ڈیزائن نے ایسے واقعات کے خطرے کو کم کر دیا ہے۔
3۔ پانی میں رہنے والے مسکن کو مسئلہ
ڈیموں کی تعمیر کی وجہ سے پانی میں رہنے والے مسکن جیسا کہ مچھلی کی تولید کا عمل متاثر ہوتا ہیے۔ ان کا عمل تولید قدرتی دریا کے مسکن اور بہاؤ کے نظام کے مطابق ہوتا ہے۔ پانی کے بہاؤ کو تبدیل کرنے سے ان کا جسمانی ماحول تبدیل ہو جاتا ہے کیونکہ ڈیموں کے اندر گاد جمع ہو جانے سے آبی مسکن شدید مشکلات کا سامنا کرتا ہے۔