خشک زراعت کی تعریف زراعت کی تعریف کے مقابلے میں زیادہ آسان ہے۔ خشک زراعت کو اکثر خشک موسم میں بغیر آبپاشی کے فصلوں کی کاشت کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔ عام طور پر ایسے خطوں یا علاقوں میں سالانہ بارش کم از کم 20 انچ یعنی 50 سینٹی میٹر ہوتی ہے اور بارش کے پانی سے مٹی میں جمع ہونے والی نمی کو استعمال کر کے کاشت کے عمل کو مکمل کیا جاتا ہے۔ خشک زراعت کو خشک کاشتکاری یا خشک زمین کاشتکاری بھی کہا جاتا ہے۔ خشک کاشتکاری روایتی طور پر آبپاشی کے فصلوں کے نظام سے مختلف ہے اور خشک کاشتکاری والی فصل کو ایک بار یا بالکل سیراب نہیں کیا جاتا ہے۔
خشک کاشتکاری کا انحصار مٹی میں نمی کو موثر طریقے سے ذخیرہ کرنے، فصلوں کے انتخاب اور اس نمی کا بہترین استعمال کرنے کے طریقوں پر ہوتا ہے۔ فصل کی کٹائی کے فوراً بعد زمین کو تیار کرنا اور جڑی بوٹیوں سے پاک رکھنا زراعت اور کاشتکاری کےلیے فائدہ مند ہے۔ عالمی سطح پر کسان آبپاشی کےلیے دستیاب پانی کی کمی کی وجہ سے اور ماحول کو خوشگوار رکھنے کی حکمت عملی کے طور پر خشک زراعت کے طریقوں کو اپنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خشک زراعت اور خشک سالی میں فرق ہے۔
خشک زراعت سے وابستہ تکنیکوں کی گہری تاریخی اور مختلف ثقافتی جڑیں ہیں۔ دنیا بھر کے صحرائی کسانوں اور کچھ علاقوں کے مقامی لوگوں نے کم سے کم آبپاشی یا بارش کے ساتھ کاشتکاری کی تکنیک تیار کی ہے۔ خشک کاشتکاری کرنے والے کسان گہری مٹی اور زیادہ دیر تک وتر قائم رکھنے کی خصوصیات والی زمین کو منتخب کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور پھر فصلوں کی نشوونما کے دوران مٹی کی نمی کو محفوظ رکھنے کےلیے مختلف طریقے استعمال کرتے ہیں۔
خشک کاشتکاری کی مدد کرنے والے کچھ طریقوں میں شامل ہیں زمین کی تیاری اور فصل کی کاشت جلدی کرنا، خشک سالی برداشت کرنے والی یا جلد پکنے والی اقسام کاشت کرنا، پودے کا پودے سے وقفہ کم رکھنا، جڑی بوٹیوں کا مستقل کنٹرول، مٹی کی خرابی کو کم سے کم کرنا، مٹی کی صحت اور پانی کو برقرار رکھنے کی صلاحیت کو بہتر بنانا۔ اگر کسان کوشش کریں تو زراعت کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے۔