زرعی ادویات جنہیں عام طور پر کیڑے مار ادویات کہا جاتا ہے ایسے کیمیائی مادے ہیں جن کا مقصد کیڑوں کو مارنا ہے۔ عام طور پر کیڑے مار دوا ایک کیمیکل یا حیاتیاتی ایجنٹ ہے جیسا کہ وائرس، بیکٹیریم، اینٹی مائکروبیل یا جراثیم کش جو کہ کیڑوں کو روکتا ہے، ناکارہ بناتا ہے اور ہلاک کرتا ہے۔ کوئی بھی مادہ یا مادوں کا مرکب جس کا مقصد کسی بھی کیڑوں کی افزائش کو روکنا، انہیں تباہ کرنا یا ان کی تعداد کو کم کرنا ہو زرعی دوا یا کیڑے مار دوا کہلاتا ہے۔ زرعی ادویات کیمیائی مرکبات ہیں جو کیڑوں کو مارنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں بشمول ضرر رساں کیڑے، چوہے، پھپھوندی اور ناپسندیدہ پودے جیسا کہ جڑی بوٹیاں۔ دنیا بھر کے زرعی شعبے میں 1000 سے زیادہ مختلف قسم کی زرعی ادویات استعمال کی جاتی ہیں۔
صحت عامہ میں کیڑے مار ادویات کا استعمال بیماریوں کا سبب بننے والے کیڑوں کو مارنے کے لیے کیا جاتا ہے جیسا کہ مچھروں کو مارنے کے لیے اور زراعت میں زرعی ادویات کا زیادہ تر استعمال فصلوں کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں کو مارنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ کچھ زرعی دوائیں زراعت میں جڑی بوٹیوں کو کنٹرول کرنے کے لیے، نقصان دہ کیڑوں کے انفیکشن اور پودوں کی بیماریوں کو کنٹرول کرنے کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہیں۔
زرعی ادویات کو انگلش میں پیسٹیسائیڈز (Pesticides) کہا جاتا ہے جبکہ کیڑے مار ادویات کو انگلش میں انسیکٹیسائیڈز (Insecticides) کہا جاتا ہے۔ زرعی ادویات کی تیاری پیسٹیسائیڈز کمپنیاں کرتی ہیں اور کسانوں تک زرعی ادویات کی فروخت پیسٹیسائیڈز ڈیلرز کے زریعے کی جاتی ہے۔ زرعی ادویات کی بہت سی مختلف اقسام ہیں۔ ہر ایک قسم کا مقصد مخصوص کیڑوں کے خلاف موثر ہونا ہے۔ زرعی ادویات کی کچھ مثالوں میں شامل ہیں:
انسیکٹیسائیڈز یعنی کیڑے مار ادویات
کیڑے مار دوائیں کیڑوں کو مارنے یا کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔ پوری دنیا میں زرعی ادویات کی اس قسم یعنی انسیکٹیسائیڈز کا استعمال سب سے زیاہ ہوتا ہے کیونکہ انسیکٹیسائیڈ کو ہی زراعت، صنعت، زرعی کاروبار اور گھروں میں موجود کیڑوں کو مارنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
فنجیسائیڈز یعنی پھپھوندی کش ادویات
پھپھوندی کش ادویات کو پھپھوندی کے مسائل جیسا کہ سانچوں، پھپھوندی اور پودوں پر لگے ہوئے زنگ کو کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ہربیسائیڈز یعنی جڑی بوٹی مار ادویات
جڑی بوٹی مار زہریں ان ناپسندیدہ پودوں کو مارنے یا ان کی بڑھوتری کو روکنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں جنہیں عام طور پر جڑی بوٹیاں کہا جاتا ہے۔
ایلجیسائیڈز
ایلجیسائیڈز کا استعمال ایلجی کو ختم کرنے یا اس کی نشونما کو سست کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔
اینٹی مائیکروبیلز
اینٹی مائیکروبیلز کا استعمال جراثیم اور مائیکروبز جیسا کہ بیکٹیریا اور وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔
انسیکٹ گروتھ ریگولیٹرز
انسیکٹ گروتھ ریگولیٹرز کا استعمال کیڑوں کی نشوونما اور تولید میں خلل ڈالنے کے لیے کیا جاتا ہے۔
روڈینٹیسائیڈز
چوہوں کو مارنے کے لیے روڈینٹیسائیڈز کا استعمال کیا جاتا ہے۔
ووڈ پریزرویٹیوز
ووڈ پریزرویٹیوز کا استعمال لکڑی کو کیڑوں، فنگس اور دیگر کیڑوں کے خلاف مزاحم بنانے کے لیے کیا جاتا ہے۔
زرعی ادویات کا استعمال اتنا عام ہے کہ زرعی ادویات کو اکثر پودوں کے تحفظ کی مصنوعات کے مترادف سمجھا جاتا ہے۔ یہ عام طور پر مختلف قسم کے زرعی نقصان دہ کیڑوں کو ختم کرنے یا کنٹرول کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں جو فصلوں اور مویشیوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور زرعی اجناس کی پیداوار کو کم کر سکتے ہیں۔ زرعی ادویات کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ پیسٹیسائیڈز فصلوں کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں کو کنٹرول کر کے کسانوں کو نقصان سے بچاتی ہیں۔