کپاس کی فصل میں واٹر سکاؤٹنگ کرنے کا طریقہ اور آبپاشی

Cotton water scouting method in Urdu کپاس کی واٹر سکاؤٹنگ اور آبپاشی
$ads={1}

صبح کے تقریباً 8 بجے کھیت کے ایک کونے سے کپاس کی فصل میں داخل ہوں اور چند قدم اندر جا کر 6 مختلف پودوں کا بغور مشاہدہ اس طرح کریں کہ پہلے پودے کے اوپر کے پتوں کا بغور جائزہ لیں کہ پتے مرجھائے ہوئے ہیں یا نہیں۔ دوسرے پودے کے تنے کا مشاہدہ کر ہیں کہ تنے کے اوپری تین چوتھائی حصہ پر سرخی (لالی) ہے یا نہیں ہے۔ تیسرے پودے کی چوٹی کو توڑیں اور دیکھیں کہ یہ تڑخ کی آواز سے ٹوٹتی ہے یا نہیں ہے۔

چوتھے پودے کی چھتری کے نیچے سے زمین کی سطح سے دو انچ نیچے کی مٹی مٹھی میں دبانے سے گولا بنتا ہے یا نہیں بنتا ہے۔ پانچویں پودے پر یہ دیکھیں کہ پودے پر گانٹھ کا درمیانی فاصلہ کم ہورہا ہے یا نہیں۔ چھٹے پودے کی چوٹی پر سفید پھول کی موجودگی ہے یا نہیں ہے۔

اسی طرح تین مختلف جگہوں سے پودوں کا معائنہ کریں اور اگر 6 میں سے 4 عوامل سے پانی لگانے کا اشارہ ملے تو کپاس کے کھیت کو پانی دے دینا چاہیے۔ یہ علامات کھیت میں اونچی اور کلر والی جگہوں پر پہلے ظاہر ہو جاتی ہیں۔ کپاس کی واٹر سکاؤٹنگ کے ساتھ ساتھ کپاس کی پیسٹ سکاؤٹنگ بھی بہت ضروری ہے۔

آبپاشی

آبپاشی زمین کی حالت ، کپاس کا طریقہ کاشت، کپاس کی قسم، موسمی حالات اور گرمی کی شدت کے دوران فصل کی حالت کو مد نظر رکھ کر کی جائے۔ پانی کی کمی کی علامات میں پتوں کا نیلگوں ہونا، اوپر والی شاخوں کی درمیانی لمبائی میں کمی، سفید پھول کا چوٹی پر آنا، تنے کے اوپر کے حصہ کا تیزی سے سرخ ہونا اور چوٹی کے پتوں کا کھردرا ہونا شامل ہے۔ فصل پر ایسی علامات کے ظاہر ہونے سے پہلے آبپاشی کی جائے تاکہ فصل کو نقصان سے بچایا جاسکے۔ کپاس کی فصل پر عام طور پر مندرجہ ذیل طریقہ کار کے مطابق آبپاشی کریں۔

ڈرل کاشت کی آبپاشی

موسمی حالات اور زمین کی قسم کو مد نظر رکھتے ہوئے پہلی آبپاشی بوائی کے 30 تا 35 دن اور بقیہ 12 تا 15 دن کے وقفے سے کریں۔ اگر کپاس کے بعد گندم کاشت کرنی ہو تو آخری آبپاشی موسم اور زمین کی قسم کو مد نظر رکھتے ہوئے 10 اکتوبر تک کریں۔

پٹڑیوں پر کاشت کی آب پاشی

بوائی کے پانی کے بعد پہلا پانی موسمی حالات اور زمین کی قسم کو مد نظر رکھتے ہوئے 3 تا 4 دن، دوسرا، تیسرا اور چوتھا پانی 6 تا 9 دن کے وقفے سے لگائیں اور بقیہ پانی فصل کی ضرورت کے مطابق لگائیں۔ اگر کپاس کے بعد گندم کاشت کرنی ہو تو آخری پانی موسم اور زمین کی قسم کو مد نظر رکھتے ہوئے 15 اکتوبر تک لگائیں۔

شیئر ضرور کریں
جدید تر اس سے پرانی