کپاس کی فصل میں کھاد کی کارکردگی بڑھانے کے لیے تمام کھادوں خاص طور پر فاسفوری کھادوں کو پودے کی جڑوں کے قریب ڈالنا چاہیے۔ اس کے لیے کھاد زمین کی تیاری کے وقت اس طرح ڈالی جانی چاہئیے کہ کھاد بیج کے قریب ہی رہے۔ بیج کے قریب ڈالی گئی کھاد کی کارکردگی تقریبا دو چند ہوتی ہے۔ لہذا کھاد ڈالنے کے لئے مندرجہ ذیل طریقہ کار اختیار کریں۔
فاسفورس اور پوٹاش والی کھادوں کی تمام مقدار اور نائٹروجنی کھاد کی مقدار کا 1/4 حصہ زمین کی تیاری کے وقت ڈالیں۔ تاہم اگر کھاد زمین کی تیاری کے وقت نہیں ڈالی گئی تو چھدرائی کے بعد استعمال کریں۔ چھدرائی کے بعد استعمال کے لیے نائٹروفاس زیادہ بہتر ہے اور کھاد کو پانی میں حل کر کے آبپاشی کے ساتھ استعمال کریں۔ بقیہ نائٹروجنی کھاد 3 سے 4 اقساط میں ڈال دیں۔
فصل کے اہم مراحل یعنی پھول آنے پر، ٹینڈے بننے کے بعد اور پہلی چنائی کے بعد نائٹروجنی کھاد ضرور ڈالیں۔ نائٹروجنی کھاد کے استعمال کو اگست کے آخری ہفتے تک مکمل کر لیں۔ زیادہ بارش ہونے کے بعد نائٹروجنی کھاد ضرور ڈالیں۔
کپاس کی قسم، تاریخ کاشت، زمین کی حالت اور کپاس کے طریقہ کاشت کو مد نظر رکھتے ہوئے طریقہ کار اور شرح میں رد و بدل کیا جا سکتا ہے۔ خشک زمین میں نائٹروجن کی کھاد ڈالنے کی صورت میں فصل کو فوراً پانی لگائیں اگر ممکن ہو تو کھاد شام کے وقت ڈالیں۔ ریتلی زمینوں میں پوٹاش دو اقساط میں ڈالیں۔ پہلی مرتبہ بوائی کے وقت اور دوسری مرتبہ ٹینڈے بنتے وقت کھاد کا استعمال کریں۔
سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کے تجربات کے مطابق فاسفورسی کھاد کو بوائی کے وقت ڈالنے کی بجائے اگر چھدرائی کے بعد کھیلیوں میں ڈال کر گوڈی والا ہل چلا دیں یا پانی میں حل کر کے بذریعہ آبپاشی دیں تو اس کی افادیت کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔
کھاد حساب موبائل ایپ
ادارہ زرخیزی زمین پنجاب لاہور نے " کھاد حساب" کے نام سے ایک انتہائی مفید اور آسان موبائل ایپ تیار کی ہے جو کہ کھادوں کے متوازن استعمال اور پیداوار میں اضافہ کے لیے تیار کی گئی ہے۔ اس ایپ کو کاشتکار گوگل پلے سٹور میں "SFRI" لکھ کر ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں جو کہ بالکل فری ایپ ہے۔ اس ایپ میں تمام فصلات کے لیے سفارش کردہ کھادوں سے متعلق معلومات موجود ہیں۔
آپ کے پاس زمین کی تجزیاتی رپورٹ ہے یا نہیں، دونوں صورتوں میں یہ ایپ آپ کو کھاد کی مطلوبہ مقدار بتاتی ہے۔ کاشتکار کھاد حساب ایپ کے ذریعے دستیاب رقم کے مطابق متوازن کھادوں کا حساب لگا کر ان کے استعمال سے پیداوار اور منافع میں اضافہ کر سکتے ہیں۔
اس موبائل ایپ کا استعمال جاننے کے لیے شارٹ ویڈیو کو ضرور دیکھیں جو کہ اس ایپ کے تعارف کے خانہ میں موجود ہے۔ مزید معلومات کے لیے اپنے ضلع میں موجود مٹی اور پانی کی حکومتی تجزیہ گاہ سے رابطہ کریں۔