فصل میں موجود نقصان دہ کیڑوں کی تعداد معلوم کرنے اور ان سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگانے کے عمل کو پیسٹ سکاؤٹنگ کہتے ہیں۔ یہ مناسب وقت پر مناسب زہر کے تعین، زہروں کے بے جا اور غلط استعمال سے نجات اور مربوط طریقہ انسداد (I.P.M) اپنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
پیسٹ سکاؤٹنگ کے فوائد
- کیڑوں کے انسداد کے لیے مناسب وقت کا اندازہ
- سپرے کے وقت اور خرچ میں بچت
- اندھا دھند سپرے سے نجات
- ماحول کی آلودگی سے بچاؤ
- مفید کیڑوں کو بڑھنے کا موقع
- نقصان دہ کیڑوں کے حملہ کا پیشگی اندازه
- کیڑوں کی زندگی کے کمزور اور حساس پہلوؤں کی نشاندہی
- پودوں میں خوراک کے اجزاء کی کمی کی نشاندہی
کیڑوں کے معائنہ کا مناسب وقت اور دورانیہ
کیڑوں کے لیے فصل کے معائنہ کا مناسب وقت وہ ہوتا ہے جب کیڑے اپنی خوراک کے لیے سرگرم ہوتے ہیں۔ یہ عمل تیز دھوپ اور گرمی کے وقت سست ہوتا ہے۔ اس لیے پیسٹ سکاؤنٹنگ صبح یا شام کے وقت کرنی چاہیے۔ پیسٹ سکاؤٹنگ عام طور پر ہفتے میں ایک دفعہ اور ہنگامی صورت حال میں 2 دفعہ کرنی چاہیے۔ پیسٹ سکاؤٹنگ ایک ایکڑ یا زیادہ رقبے میں کی جا سکتی ہے۔ اگر فصل کا رقبہ زیادہ ہو تو ہر 25 ایکڑ میں سے 5 ایکڑ میں پیسٹ سکاؤٹنگ کافی ہے۔ کپاس کی فصل کی مختلف طریقوں سے پیسٹ سکاؤٹنگ ضروری ہے۔
کسی بھی فصل پر سپرے کا فیصلہ کرتے وقت کن باتوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے؟
جواب: فصل کی پیسٹ سکاؤٹنگ کریں اور سپرے صرف مخصوص کیڑوں کے ای ٹی ایل (ETL) پر پہنچنے پر کیا جائے۔ پہلا سپرے دیر سے اور شام کو کیا جائے۔ تیز ہوا، دھند، ہلکی بارش یا تیز دھوپ ہو تو سپرے نہیں کرنا چاہیے۔
کیڑوں کی معاشی حد کی سطح کیا ہے؟
جواب: یہ کیڑوں کی آبادی کی سطح ہے جس پر کیڑوں سے فصل کے معاشی نقصان سے بچنے کے لیے کھیت میں سپرے کرنا ضروری ہو جاتا ہے۔
کھیت کی فصلوں میں کیڑوں کے کنٹرول کی تکنیکیں کیا ہیں؟
جواب: ثقافتی کنٹرول، جسمانی کنٹرول، مکینیکل کنٹرول، حیاتیاتی کنٹرول، قانون سازی کنٹرول، مزاحمتی اور کیمیائی کنٹرول (زرعی ادویات) ضرر رساں نقصان دہ کیڑوں کے کنٹرول کی اہم تکنیکیں ہیں۔
انٹیگریٹڈ پیسٹ مینجمنٹ کیا ہے؟
جواب: انٹیگریٹڈ پیسٹ مینجمنٹ (IPM) ایک ایسا نقطہ نظر ہے جو ماحولیاتی علم پر مبنی ہے اور اقتصادی نقصان کی سطح سے نیچے کیڑوں کا انتظام کرنے کے لیے ایک کے بعد ایک مربوط طریقے سے تمام ماحول دوست کنٹرول تکنیکوں کا استعمال کرتا ہے۔