گلابی سنڈی کے کنٹرول کے لیے پنک بول ورم مینیجر کا استعمال

Pink bollworm control by using pink boll worm manager on cotton in Urdu گلابی سنڈی کا کنٹرول
$ads={1}

کپاس کی آخری چنائی کے بعد چھڑیوں پر رہ جانے والے باقی ماندہ ادھ کھلے، ان کھلے کچے، پھپھوندی زدہ اور سیاہی مائل ٹینڈوں میں گلابی سنڈی موجود ہوتی ہے۔ کپاس کی گلابی سنڈی آف سیزن کے دوران کپاس کی چھڑیوں، جننگ، آئل ملز کے کچرے اور ایندھن کے لیے ذخیرہ شدہ چھڑیوں میں زندہ رہتی ہے جو آئندہ سال کپاس کی فصل کے لیے نقصان کا باعث بنتی ہے۔

گلابی سنڈی کے بے موسمی انسداد کے لیے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان نے پنک بول ورم مینیجر مشین متعارف کروائی ہے جسے عرف عام میں ہونجا مشین بھی کہتے ہیں۔ یہ مشین گلابی سنڈی کے کنٹرول کا بہترین حل ہے۔ سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے تجربات کے مطابق پنک بول ورم مینیجر مشین کے استعمال سے ضائع ہونے والی کپاس کو محفوظ بنا کر کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں تقریباً 3 من تک اضافہ کیا جا سکتا ہے جبکہ اس کے استعمال پر تقریباً ایک ہزار روپے فی ایکڑ خرچ آتا ہے۔

بچت کے ساتھ ساتھ اس مشین کے استعمال سے گلابی سنڈی کے دورانیہ (Life Cycle) کو بھی توڑا جا سکے گا اور یوں اس کی افزائش نسل نہ ہونے پر کپاس کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ مزید برآں اس مشین کے استعمال سے گندم کی بر وقت کاشت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اس طرح کپاس کی چھڑیوں کو بلا خوف و خطر طویل عرصہ تک بطور ایندھن استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

اس مشین کی مدد سے ایک دن میں کپاس کے تقریباً 15 تا 20 ایکڑ سے ٹینڈے اتارے جا سکتے ہیں۔ اسے کسی بھی ٹریکٹر کی مدد سے چلایا جا سکتا ہے۔ اس مشین کی قیمت تقریباً ویٹ تھریشر کی قیمت کے برابر ہے۔ کاشتکار اس مشین کو ویٹ تھریشر کی طرح ٹھیکے کی طرز پر بھی استعمال میں لا سکتے ہیں۔ مزید برآں سفید مکھی کے کنٹرول کے لیے پیلے پھندوں کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔

شیئر ضرور کریں
جدید تر اس سے پرانی