$ads={1}
گرمی کی شدت یعنی ہیٹ ویو (Heat Wave) کے دوران کپاس کی فصل کی بہتر دیکھ بھال اچھی پیداوار اور کوالٹی کے لیے ضروری ہے۔ گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے پتوں میں موجود خلیوں میں منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ پودوں میں سانس لینے اور خوراک بنانے کا عمل بری طرح متاثر ہوتا ہے۔ جو کہ نہ صرف پھول، گڈی اور چھوٹے ٹینڈوں کے گرنے کا باعث بنتا ہے بلکہ بچ جانے والے ٹینڈے بھی پوری طرح نشوونما نہیں پاتے اور ان سے حاصل ہونے والی کپاس کی کوالٹی بھی اچھی نہیں ہوتی جس کی وجہ سے کپاس کی قیمت بھی اچھی نہیں ملتی۔
کپاس کی فصل کو گرمی کے بُرے اثرات سے بچانے کے لیے درج ذیل ہدایات پر عمل کریں:
- ترجیحاً گرمی برداشت کرنے والی اقسام کاشت کی جائیں۔
- اگر خالی رقبہ میسر ہو تو اگیتی کاشت کو ترجیح دی جائے۔
- کپاس کی واٹر سکاؤٹنگ کرنے کے بعد اگر فصل کو پانی کی کمی ہو تو ترجیحاً شام یا رات کے وقت پانی دیا جائے۔ کیونکہ دن کے وقت شدید گرمی میں آبپاشی کرنے سے زمین میں موجود آکسیجن خارج ہو جاتی ہے جس سے پودے کی جڑوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
- کپاس کی فصل کو پوٹاش اور عناصر صغیرہ مثلاً بوران، زنک اور سلفر کی سفارش کردہ مقدار ضرور مہیا کریں۔
- فصل کو ایک ہی دفعہ زیادہ پانی دینے کی بجائے وقفہ وقفہ سے ہلکی آبپاشی کریں تاکہ جڑوں کو خوراک اور سانس لینے میں آسانی رہے۔
- جڑی بوٹیوں کی تلفی کو یقینی بنایا جائے تا کہ جڑی بوٹیاں خوراک اور روشنی کے سلسلہ میں فصل کے ساتھ حصہ دار نہ بن پائیں اور فصل صحت مند رہے۔
- سپرے ہمیشہ وتر کی حالت میں کریں بصورت دیگر سپرے کے دباؤ سے بچانے کے لیے کپاس کی فصل کو زہر پاشی کے بعد پانی دیا جائے اور زہر پاشی ترجیحاً شام کے وقت کی جائے۔ مزید برآں پھل کے کیرا کی صورت میں سفارش کرده بائیو سٹیمولینٹس (Bio-stimulants) یعنی نشو و نما کو تیز کرنے والے مرکبات / امائینو ایسڈز وغیرہ سپرے کرنے سے نہ صرف پھل کا کیرا کم ہوتا ہے بلکہ پودے کی نشوونما میں بھی بہتری آتی ہے۔