عام موسمی حالات اور اوسط زرخیز زمین پر کپاس کے پودوں میں مختلف خوراک کے اجزاء کی کمی کی علامات مندرجہ ذیل ہیں۔
نائٹروجن
پتوں کا رنگ ہلکا سبز ہو جاتا ہے اور بعد میں پیلا ہو جاتا ہے۔ سب سے پہلے پرانے اور نیچے والے پتے متاثر ہوتے ہیں۔ فصل کی بڑھوتری رک جاتی ہے۔
فاسفورس
پودوں کی نشو و نما رک جاتی ہے، پودوں کا قد چھوٹا رہ جاتا ہے اور پتے گہرے سبز ہو جاتے ہیں۔ ٹینڈے دیر سے بنتے ہیں۔ ٹینڈوں کا سائز چھوٹا رہ جاتا ہے اور ٹینڈے دیر سے کھلتے ہیں۔ تنے کا رنگ زمین کی سطح سے تھوڑا اوپر پیلا ہوتا ہے۔
پوٹاش
پتوں کے کنارے پیلے اور زردی مائل ہو جاتے ہیں، درمیانی رگوں کا رنگ سرخی مائل ہو جاتا ہے۔ پوٹاش کی زیادہ کمی کی صورت میں پتے کناروں سے خشک ہو جاتے ہیں اور جھلسے ہوئے نظر آتے ہیں۔
زنک
نئے پتوں کا سائز چھوٹا رہ جاتا ہے اور پیلا پن آجاتا ہے، نمایاں علامت گانٹھوں کے درمیان فاصلہ کم ہو جاتا ہے۔ پتوں کی رگیں دھندلی (کالی) ہو جاتی ہیں اور پتے زنگ آلود نظر آتے ہیں۔
بوران
بوران کی کمی کی صورت میں کپاس کے پودے کے پتوں میں پیلا پن آجاتا ہے، جھریاں پڑ جاتی ہیں جس سے ان کی شکل بگڑ جاتی ہے اور پتے نیچے کی جانب مڑ جاتے ہیں۔